ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل کی مسجد سلمان الفارسی میں شبینہ مکتب کے طلباء کے مابین مسابقہ حفظ قرآن

بھٹکل کی مسجد سلمان الفارسی میں شبینہ مکتب کے طلباء کے مابین مسابقہ حفظ قرآن

Mon, 16 Aug 2021 18:51:04    S.O. News Service

بھٹکل:17؍اگست (ایس اؤ نیوز) 7محرم الحرام 1443ھ مطابق 15اگست 2021ء بروز اتوار بعدنماز عصر متصلا مسجد سلمان الفارسی(سلمان آباد)میں   شبینہ مکتب کے طلباء کے درمیان "مسابقة سلمان  الفارسی للقران الکریم" کے نام سے موسوم مسابقہ حفظ قرآن کا انعقاد ہوا جس  میں  امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل واستاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم صاحب خطیب ندوی بطور مہمان  خصوصی مدعو تھے اجلاس کی صدارت صدر مسجد سلمان الفارسی جناب الطاف کھروری صاحب فرما رہے تھے۔

جلسہ کا آغاز مولوی حسن ائیکری ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد رائد قاضی نے اپنی سریلی آواز میں نعت پاک پڑھ کر سنائی،  ناظم اجلاس کی دعوت پر مسابقہ کے کنوینر حافظ جمال مالکی ندوی نے تمہیدی کلمات پیش کرتے ہوئے مسابقہ کے اصول وضوابط حاضرین کے سامنے پیش کی۔

مسابقہ میں مساہمین کے 4 گروپس بنائے گئےتھے  سفلی گروپ جس میں lkgسے 2ndتک کے طلباء شامل تھے  3rdسے 5thتک طلباء گروپ وسطی میں اور 6thسے 8thتک کے طلباء علیا شامل میں تھے ۔اور چوتھا گروپ 15سال تک کے حفاظ کےلیے خواص تھا۔اس کے بعد باقاعدہ طور پر مسابقہ کا آغاز ہوا تمام مساہمین نے بہترین انداز میں مظاہرہ پیش کیا۔اس کے بعد امام مسجد سلمان الفارسی مولانا عثمان غنی خلیفہ نے شبینہ مکتب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے استقبالیہ پیش کیا۔

امام وخطیب جامع مسجدبھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے اپنی ولولہ انگیز تقریر کے دوران مسجد سلمان الفارسی کے نوجوانوں کی سرگرمیوں پر مسرت اظہار کرتے ہوئے فرمایا  کہ نوجوان امت کا سرمایہ ہے دشمنان  اسلام مسلم نوجوانوں کی صلاحیت مفلوج کرنے کے درپے ہیں اس لیے ہمیں نوجوانوں کو غفلت سے بیدار کرکے ان کی صحیح رہنمائی کرنی چاہیے۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے  جناب الطاف کھروری  نے بچوں کےلیے دینی تعلیم کی فکر کرنے اور صرف عصری تعلیم پر اکتفا نہ کرنے والدین سے تاکید کی اور سرپرستوں سے کہا کہ  بچوں کو شبینہ مکتب میں پابندی سے بھیجیں اس معاملہ میں غفلت نہ برتیں۔

سفلی گروپ میں  علی بن فیض احمد رکن الدین نے اول ، فھیل صدیقہ نے دوم ، اور ابان بن عثمان خلیفہ ندوی نے سوم مقام  حاصل کیا۔وسطی گروپ میں   اسید بن مولانا جنید مولوی نے اول،  علی بن سلیم محتشم نے دوم اور نبھان بن محمد غوث ائیکری نے تیسرا مقام  حاصل کیا۔ اسی طرح علیا گروپ میں احمد بن سمیع رکن الدین نے  اول ،عبدالقیوم بن مقداد جوباپو نے  دوم اوراحمد بن ظھیر جوباپو نے سوم مقام  حاصل کیا۔

حفاظ کے گروپ میں احمد بن عبداللہ سدی باپا نے اول مقام ، عبداللہ بن یحیی پٹیل نے  دوسرا مقام اور  عبداللہ بن سلطان نے  تیسرا مقام حاصل کیا۔ اسی طرح  تمام مساہمین کو خصوصی انعامات سے بھی نوازا گیا۔مولوی حسن نے کلمہ تشکر پیش کیا۔مولانا عبدالعلیم صاحب کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔  دامودی میراں صاحب، مولاناایس ایم  زبیر صاحب (مارکیٹ) ،مولانا عبداللہ گوائی صاحب ندوی  کے علاوہ حاضرین کی کثیر تعداد جلسہ میں  موجود تھی۔


Share: